منگل 20 اکتوبر 2026 - 05:27
پاکستان؛ علماء و مبلغین میں معاشی شعور اور خود انحصاری کے فروغ کے لیے آن لائن ورکشاپ کا انعقاد

حوزہ/مجلسِ علماء مکتب اہلبیت پاکستان کے زیرِ اہتمام ’’معاشی تربیت اور خود انحصاری‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ آن لائن تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی، جس میں پاکستان بھر سے کثیر تعداد میں علماء کرام، اساتذہ، ٹیچرز اور مبلغین نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علماء مکتب اہلبیت پاکستان کے زیرِ اہتمام ’’معاشی تربیت اور خود انحصاری‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ آن لائن تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی، جس میں پاکستان بھر سے کثیر تعداد میں علماء کرام، اساتذہ، ٹیچرز اور مبلغین نے شرکت کی۔

ورکشاپ سے حجت الاسلام اصغر عباس کاظمی نے خطاب کیا اور مالی خواندگی کی تعریف، مقاصد اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے قرآن کریم اور احادیثِ اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں معاشی تربیت اور اقتصادی امور کی اہمیت واضح کی۔

ورکشاپ کے استاد نے معاشی تربیت کے مختلف اہم پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے معاشی ذہنیت کی تشکیل، مؤثر معاشی منصوبہ بندی اور خود کفیل معیشت کے اصول بیان کیے۔

انہوں نے پیسے اور دولت کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے شرکاء کو مالی معاملات میں درست سوچ، ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور بہتر فیصلے کرنے کی اہمیت سے آگاہ کیا۔

ورکشاپ کے دوران آمدنی کی منصوبہ بندی، اخراجات کے مؤثر انتظام اور بچت سازی جیسے عملی موضوعات پر بھی گفتگو کی گئی، تاکہ علماء کرام، مبلغین اور اساتذہ اپنی ذاتی اور خاندانی زندگی میں معاشی نظم و ضبط کو فروغ دینے کے ساتھ خود انحصاری کی جانب مؤثر قدم اٹھا سکیں۔

اس تربیتی ورکشاپ کا بنیادی مقصد علماء کرام اور مبلغین میں معاشی شعور و آگاہی کو فروغ دینا، انہیں مالی معاملات کی بہتر منصوبہ بندی کے قابل بنانا اور خود انحصاری کے اصولوں سے روشناس کروانا تھا، تاکہ وہ اپنی دینی و تبلیغی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ معاشی معاملات میں بھی دانش مندانہ طرزِ عمل اختیار کر سکیں۔

شرکاء نے مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کی اس علمی و تربیتی کاوش کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی اس نوعیت کی مفید ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کے تقاضوں کے پیشِ نظر علماء کرام، مبلغین اور اساتذہ کی فکری، علمی اور معاشی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے، اور ایسے پروگرام معاشرے میں شعور، ذمہ داری اور خود انحصاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha